اسلام آباد: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پہلی پروفیشنل باکسنگ فائٹ کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔
پہلی پروفیشنل باکسنگ فائٹ کو پوری دنیا میں براہ راست نشر کیا جائےگا، فائٹ کے لیے اے بی ایف ٹائٹل بیلٹ پاکستان پہنچ گیا، نامور پاکستانی باکسر عثمان وزیر ایشین ٹائٹل کے لیے فائٹ کریں گے۔
باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ سے پاکستانی باکسرز کو بہت فائدہ ہوگا، انٹرنیشنل باکسنگ ایونٹ پاکستان لانے کا اپنا وعدہ پورا کرنے پاکستان آیا ہوں۔
انہوں وزیراعظم عمران خان سے باکسنگ کی سرپرستی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا باکسنگ ایونٹ 3 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں ملکی اور غیرملکی باکسر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔