امریکہ میں مسلمان کسان نے 1،825 پونڈ وزنی کدو اُگا کر مقابلہ جیت لیا

یوٹاہ: : گزشتہ دنوں امریکی ریاست یوٹاہ کے شہر لیہی میں 1,000 پونڈ سے زیادہ وزنی کدو (پمپکن) اگانے کا مقابلہ ہوا جو ایک مقامی مسلمان کسان محمد صادق نے 1,825 پونڈ وزنی کدو اُگا کر جیت لیا۔

وزنی سے وزنی کدو اُگانے کا یہ سالانہ مقابلہ گزشتہ 16 سال سے منعقد ہوتا آرہا ہے جس میں یوٹاہ سے تعلق رکھنے والے کسان شرکت کرتے ہیں۔ اس سال کے مقابلے میں شرکت کےلیے کم از کم 1,000 پونڈ (455 کلوگرام) وزنی کدو اُگانے کی شرط رکھی گئی تھی۔

یہ مقابلہ ’’گریٹ پمپکن کامن ویلتھ‘‘ نامی ایک عالمی تنظیم کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے جس کا مقصد وزنی کدو اُگانے کے مشغلے کو فروغ دیتے ہوئے معیار اور شفاف مقابلے کو یقینی بناتے ہوئے زراعت میں عام لوگوں کی دلچسپی بڑھانا بھی ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی وزنی کدوؤں کے مقابلے میں پورے یوٹاہ سے درجنوں کسانوں نے شرکت کی، جس میں ایک کانٹے (بڑے ترازو) پر ان کدوؤں کا باری باری وزن کیا گیا۔

اختتام پر اعلان کیا گیا کہ سب سے وزنی کدو کا وزن 1,825 پونڈ (830 کلوگرام) ہے جو محمد صادق نامی ایک مقامی کسان نے اُگایا ہے۔

اگرچہ یہ امریکی ریاست یوٹاہ میں اگایا گیا، اب تک کا سب سے بڑا کدّو ہے لیکن گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق، دنیا میں اب تک کا سب وزنی کدّو 2016 میں بیلجیئم کے کسان میتھیاس ولیمینز نے اُگایا تھا جس کا وزن 2,624.6 پونڈ (1,190.49 کلوگرام) تھا۔ یعنی یہ ایک چھوٹی کار سے بھی زیادہ وزنی تھا!