نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020 کے دوسرے روز پہلے میچ میں بلوچستان نے سندھ کو 2 رنز سے جبکہ ناردرن پاکستان نے ساودرن پنجاب کو شکست دے دی۔
ملتان میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
بلوچستان کے اویس ضیا نے دھواں دار آغاز کرتے ہوئے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 9 گیندوں پر 25 رنز بنا کر 32 کے مجموعے پر آوٹ ہوئے جس کے بعد امام الحق 10 رنز بنا کر 44کے اسکور پر آوٹ ہوئے۔
وکٹ کیپر بسم اللہ خان نے شان دار بلے بازی کی اور 42 گیندوں پر 58 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے اور عمران بٹ نے 18 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا۔
کپتان حارث سہیل 25 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، اس کے علاوہ اسامہ میر 10 اور عمران فرحت 9 رنز بنا سکے۔
بلوچستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹوں پر 180 رنز بنائے۔سندھ کے محمد حسنین نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایک بڑے اسکور کے تعاقب میں سندھ کے 3 بلے باز 48 کے اسکور پر آوٹ ہوچکے تھے، خرم منظور نے 14، شرجیل خان نے 10 اور سعود شکیل نے 13 رنز بنائے۔
کپتان سرفراز نے 20 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 86 رنز تک پہنچایا لیکن عماد بٹ نے انہیں آوٹ کیا، جس کے بعد اسد شفیق نے 32 رنز کی اننگز کھیلی جو سندھ کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز تھی۔
سندھ کے انور علی اور سہیل خان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کو دلچسپ ضرور بنایا لیکن وہ کامیابی نہیں دلا سکے، عاکف جاوید نے 20 رنز بنانے والے انور علی کی وکٹیں اڑا دیں۔
سندھ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 178 رنز بنا سکی اور سہیل خان نے آوٹ ہوئے بغیر 31 رنز بنائے۔
بلوچستان کی جانب سے عماد بٹ نے 3 اور عاکف جاوید نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بسم اللہ خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرا میچ ناردرن پاکستان اور ساودرن پنجاب کے درمیان کھیلا گیا۔
ناردرن پاکستان کے کپتان شاداب خان نے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو علی عمران اور حیدر علی کی ذمہ دارانہ اننگز بدولت بڑا اسکور بنایا۔
ذیشان علی 11 رنز بنا کر 25 کے اسکور پر آوٹ ہوئے جس کے بعد علی عمران اور حیدر علی نے اسکور کو 74 رنز تک پہنچایا جس میں حیدر علی کی شراکت 28 رنز کی تھی۔
کپتان شاداب خان نے بھی 28 رنز کی اننگز کھیل کر علی عمران کا بھر پور ساتھ دیا جنہوں نے نصف سنچری بنائی۔
آصف علی کے 29 اور محمد نواز کے 31 رنز کی بدولت ناردرن پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 203 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ ساودرن پنجاب کی جانب سے زاہد محمود نے سب سے زیادہ 3 اور محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ساودرن پنجاب کے کپتان شان مسعود صفر پر آوٹ ہوئے اور ہدف کے تعاقب میں مایوس کن آغاز کیا۔ ذیشان اشرف اور عمر صدیق نے اسکور 69 رنز تک پہنچایا، شاداب خان اور حارث روف کے گٹھ جوڑ نے عمر صدیق کو آوٹ کیا۔
شاداب خان نے 33 رنز بنانے والے عمر کے بعد صہیب مقصود اور ذیشان اشرف کی وکٹ بھی حاصل کرلی جنہوں نے بالترتیب 18 اور 72 رنز بنائے۔
ساودرن پنجاب کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 176 رنز بنا سکی اور میچ 27 رنز سے ہار گئی۔