ملتان : نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے بلوچستان کی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ دوسرے میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کو ہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں خیبر پختونخوا نے بلوچستان کو 8 وکٹوں سے ہرا کر شاندار فتح حاصل کرلی۔
میچ کی خاص بات شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ تھی، شاہین آفریدی کی بولنگ کے سامنے بلوچستان کے بلے بازوں کی کوئی مہارت کام نہ آئی سب بے بس دکھائی دیئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے 20 رنز کے عوض شاندار پانچ وکٹیں اپنے نام کیں، بلوچستان کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر بمشکل 152 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
جواب میں خیبرپختونخوا نے 153رنز کا ہدف باآسانی تین اوورز پہلے ہی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، محمد رضوان نے ستاون اور افتخار نے انتیس رنز بنائے۔
محمد حفیظ 45 اور فخر 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یہ ایونٹ میں کے پی کی پہلی کامیابی ہے۔ دوسرے میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کوشکست دے دی۔
شرجیل خان اور خرم منظور کی شانداربیٹنگ کی بدولت سندھ نے سینٹرل پنجاب کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی۔ ایک سو پچپن رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔
پہلی وکٹ کیلئے ایک سو چونتیس رنزکی شراکت بنائی، شرجیل خان نے ستتر اور خرم نے پچاس رنز کی اننگز کھیلی, سندھ نے ہدف انیسویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایونٹ میں آج بھی دو میچز کا فیصلہ ہوگا۔