ملتان۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
201 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بناسکی۔
23 کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر کریز سنبھالنے والے صہیب مقصود نے 40 گیندوں پر 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 77 رنز بنائے تاہم میچ کے آخری لمحات میں سیف بدر کی ناٹ آؤٹ 22 رنز کی اننگز نے میچ میں سنسنی پھیلا دی۔
سدرن پنجاب کو میچ میں جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے مگر میچ میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنے والے جنید خان نے 19ویں اوور میں صرف 2 رنز دے کر خیبرپختونخوا کی پوزیشن مضبوط کی تاہم سدرن پنجاب کے بیٹسمین سیف بدر نے محمدحفیظ کے آخری اوور میں 15 رنز بناکر ایک بار پھر میچ کو دلچسپ بنادیا مگر وہ بھی اپنی ٹیم کو ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر فخر زمان 26 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد محمد حفیظ اور محمد رضوان کے درمیان 100 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
دونوں کھلاڑیوں نے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔ محمد حفیظ 35 گیندوں پر 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔