ماہرین فلکیات نے چھ کہکشاؤں کے ساتھ بہت بڑا بلیک ہول دریافت کر لیا

 کراچی۔ماہرین فلکیات نے چھ کہکشاؤں کے ساتھ بہت بڑا بلیک ہول دریافت کر لیا جو بگ بینگ کے ایک ارب سال سے بھی کم عرصے بعد اس کی کشش ثقل کے جال میں پھنسا ہوا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محققین نے دیوقامت بلیک ہول دریافت کرنے کیلئے چلی میں بہت بڑی دوربین کا استعمال کیا۔

رپورٹ کے مطابق بلیک ہول چاروں طرف کہکشاؤں سے گھرا ہوا ہے جس کا رقبہ ملِکی وے سے تین سو گنا زیادہ ہے۔بلیک ہول سورج سے ایک ارب گنا زیادہ بڑا ہے۔

 کائنات کے ابتدائی برسوں میں ابھرنے والے بلیک ہولز ستاروں کے خاتمے کے بعد تشکیل پائے۔یاد رہے کہ دو سال قبل امریکی ریاست نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی کے ماہرین نے دعویٰ کیا تھا کہ ہماری کہکشاں کے مرکز میں ممکنہ طور پر ایک درجن بلیک ہولز موجود ہیں۔

کولمبیا یونیورسٹی کے چارلز ہیلی اوران کی ٹیم نے یہ دعویٰ ناسا کے جاری کردہ اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔