لاہور: بابراعظم کی بیٹنگ میں نکھارلانے کے لیے محمد یوسف بھی سرگرم ہوگئے.
دورہ انگلینڈ کے بعد انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں شرکت کرنے والے نوجوان بیٹسمین وطن واپس آنے کے باوجود ملتان میں جاری ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں شریک نہیں ہوئے.
ان کی ٹیم سنٹرل پنجاب قائم مقام کپتان سعد نسیم کی قیادت میں مسلسل ناکامیوں کا شکارہورہی ہے، بابراعظم راولپنڈی میں شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی رونقوں میں اضافہ کریں گے، فی الحال لاہور میں ہائی پرفارمنس سینٹرمیں بیٹنگ کوچ محمد یوسف سے اپنی بیٹنگ میں مزید نکھار لانے کے لیے رہنمائی حاصل کر رہے ہیں۔
اس سے قبل دورہ انگلینڈ میں یونس خان قیمتی مشورے دیتے رہے ہیں، ہیڈ کوچ چیف سلیکٹر مصباح الحق، ان کے معاون شاہد اسلم بھی موجود ہیں، یوں بابر اعظم کی بھرپور رہنمائی کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں رہی۔