پختہ ذہن اور خود اعتمادی کے ساتھ میدان میں اترتا ہوں، بابر اعظم 

لاہور:پاکستان کی ون ڈے اور ٹی 20کی قومی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے بازبابراعظم کاکہنا ہے کہ دنیا میں کوئی کھلاڑی ایسا نہیں ہے جو کھیل کے دوران دباؤ کا شکار نہ ہو۔

 مختلف کھلاڑیوں کو مختلف اوقات میں دباؤکا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر بڑا کھلاڑی وہی کہلاتا ہے جو دباؤ دور کرنے میں کامیاب ہوجائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کرنا ہی دباؤ دور کرنے کا بہترین طریقہ ہے، وہ پختہ ذہن اور خود اعتمادی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔


 بابراعظم کے نزدیک ان کی کامیابی کا راز ہمیشہ اپنا قدرتی کھیل کھیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی اپنے کھیلنے کا انداز نہیں بدلتے ہاں مگر میچ کی صورتحال کو دیکھ کراپنے کھیل کی رفتار ضرور بدلتے ہیں 

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے باوجود کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے مکمل شیڈول کا اعلان اور پھر ملتان و راولپنڈی میں بائیو سیکیورایبل میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک قابل ستائش عمل ہے، جس سے ہمارے کھلاڑیوں کو صلاحیتیں نکھارنے کے ساتھ ساتھ ان حالات میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔


بابر اعظم 9 اکتوبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلے میں سنٹرل پنجاب کی قیادت کریں گے۔


دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ اڑھائی ماہ بائیو سیکیورایبل میں وقت گزارنے کے بعد انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ کے بائیو سیکیور ماحول میں رہنے والے بابراعظم اب نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کے لیے راولپنڈی کے بائیو سیکیور ماحول کا حصہ بنیں گے۔