ایران کوتباہ کن اسلحہ اور جوہری توانائی کے حصول سے روکا جائے، شاہ سلمان 

ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے امن و سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ ایران کو تباہ کن اسلحہ سمیت جوہری توانائی کے حصول سے روکا جائے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں مقامی اور بین الاقوامی امور پر غور کیا گیا۔

سعودی کابینہ نے عمرہ کی مرحلہ وار بحالی اور اس حوالے سے کی جانے والی حفاظتی تدابیر پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کابینہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے ملکی اور بین الاقوامی صورت حال کا جائزہ لیا اور ملک میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اجلاس میں غیر منقولہ جائیداد اور رہائشی سکیموں کے لیے حکومتی مراعات اور شہریوں کو مکانات کی فراہمی پر کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ میں اقتصادی کمیٹی، سکیورٹی کمیٹی اورکابینہ کے تحت ماہرین کی کمیٹی کی رپورٹوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔