لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی پی ایس ایل فرنچائز مالکان نے مالی معاملات حل کرنے کیلئے نیا ماڈل بنانے پر اتفاق کرلیا ہے دونوں فریقین آئندہ ہفتوں میں نئے ماڈل سے متعلق اپنی فنانشل اور آپریشنل ٹیموں سے مشاورت کرینگے جس کے بعد نئے ماڈل کو حتمی شکل دیدی جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز کے درمیان ایک اہم اجلاس بدھ کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے شرکاء نے شکایات، تنازعات سمیت تمام معاملات پردوطرفہ تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے تمام خدشات کے بارے میں اپنا نقطہ نظر واضح کیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کو ایک مجوزہ مسودہ پیش کیا۔
یہ مسودہ فرنچائز مالکان کی درخواست پر بنایا گیا ہے، جس میں انہوں نے پی سی بی کو ایک موزوں اور مناسب ماڈل کے تلاش کی درخواست کی تھی۔
دونوں فریقین نے آئندہ ہفتوں میں اس نئے ماڈل سے متعلق اپنی فنانشل اور آپریشنل ٹیموں سے مشاورت اورتمام معاملات کو جلد از جلدباہمی اتفاق رائے سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔