امریکی صدر نے کرسمس تک افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلاءکی خواہش کا اظہار کر کے امریکا کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کی ٹائم لائن دے دی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ افغانستان میں فرائض پر مامور ہمارے دلیر جوانوں کا اپنے گھروں میں ہونا ضروری ہے۔ ہمیں افغانستان میں تھوڑی تعداد میں خدمات انجام دینے والے اپنے بہادر مرد اور خواتین کو کرسمس تک واپس اپنے گھر بلا لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ طالبان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں امریکا نے 2021 کے وسط تک اپنی تمام فوجیں افغانستان سے نکالنے کا وعدہ کیا تھا جب کہ طالبان نے اس کے بدلے مستقل جنگ بندی اور افغان حکومت کے ساتھ شراکتِ اقتدار کا فارمولا طے کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی.