عرب عوام کی اکثریت نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مخالفت کر دی
دوحا۔ایک عرب تھینک ٹینک کی طرف سے جاری کردہ رائے عامہ کے جائزے میں کہاگیا ہے کہ عرب ممالک کی عوام کی بھاری اکثریت نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مخالفت کی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دوحا میں قائم عرب ریسرچ سینٹر کی طرف سے کیے گئے سروے میں بتایا گیا کہ عرب ممالک کی 88 فی صد عوام نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مخالفت کی ہے۔صرف 6 فی صد اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حامی ہیں۔
قطری ریسرچ سنٹرکی طرف سے کیے گئے سروے میں ہر عرب ملک کے عوام سے الگ الگ رائے لی گئی ہے۔الجزائر میں 99 فی صد اور اردن میں 93 فی صد لوگوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مخالفت کی۔خلیجی ممالک میں عوامی سطح پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کا تناسب 90 فی صد رہا۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 65 فی صد رائے دہندگان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی مخالفت کی اور 29 فی صد نے کوئی رائے دینے سے انکار کیا۔
سوڈان میں صرف 13 فی صد لوگوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی حمایت کی اور 79 فی صد نے مخالفت کی۔
سروے میں 13 عرب ممالک جن میں موریتانیہ، مراکش، الجزائر، تونس، مصر، سوڈان، فلسطین، لبنان، عراق، سعودی عرب، کویت اور قطر شامل ہیں۔ مجموعی طور پر ان ممالک کے 28 ہزار شہریوں سے رائے لی گئی۔