بھارت کی خفیہ ایجنسی نے بنگلا دیش میں چینی انجینئر کو قتل کروا دیا

بنگلا دیش میں کام کرنے والے ایک چینی انجینئر کے قتل کا الزام بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’را‘ پر عائد کیا گیا ہے۔

چینی ٹیکنیشن لاؤ فن کو ضلع فروز پور میں آٹھویں بنگلادیش چائنا فرینڈشپ برج کی تعمیراتی سائٹ کے قریب تیز دھار آلے کی مدد سے قتل کیا گیا۔

فیروزپور کے روڈ اینڈ ہائی ویز ڈپارٹمنٹ کے سربراہ مسعود محمود سمن نے چینی باشندے کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 58 سالہ لاؤ فن تعمیراتی پراجیکٹ کے چیف ٹیکنیشن تھے۔

قتل ہونے والے چیف ٹیکنیشن کے مترجم نے بتایا کہ لاؤ فن کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ شام کے وقت مزدوروں کو ان کی دیہاڑی دینے کے جا رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ لاؤ فن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

فیروزپور ڈسٹرکٹ اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ چینی باشندے کی موت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ہوئی۔

بنگلا دیشی فوج کے میجر ریٹائرڈ دلاور حسین نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ چینی باشندے کو بھارتی خفیہ ایجنسی را نے قتل کروایا۔

 

دوسری جانب بنگلا دیش کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔