امن کے نوبیل انعام کو دنیا کا سب سے بڑا اور معتبر ایوارڈ تصور کیا جاتا ہے اور یہ ایوارڈ ان شخصیات، اداروں اور تنظیموں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے تنازعات کے خاتمے، امن کے قیام اور اقوام کے درمیان تعلقات قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہو۔
اس کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور اداروں کو بھی اپنے اپنے شعبوں میں خدمات پر عالمی ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔
اس سال ادب کا نوبیل انعام امریکی شاعرہ لوئس گلک کے نام رہا جب کہ کیمسٹری کا نوبیل انعام ایمانویل کارپنٹر اور جینیفر ڈوڈنا کے نام رہا۔
فزکس کا نوبیل انعام برائے 2020 مشترکہ طور پر راجر پنروز، رین ہرڈ گینزل اور اینڈیا گیز نے حاصل کیا جب کہ میڈیکل کا نوبیل انعام ہاروے جے آلٹر، مائیکل ہاگٹن اور چارلس ایم رائس کے نام رہا۔
اب نوبیل امن کمیٹی نے امن کے عالمی ایوارڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے جو کہ ورلڈ فوڈ پروگرام نے اپنے نام کر لیا ہے۔
ڈبلیو ایف پی کو نوبیل امن انعام جنگ زدہ علاقوں میں بھوک مٹانےمیں کردار ادا کرنے پر دیاگیا ہے۔
اس سے قبل امن کا عالمی ایوارڈ سابق امریکی صدور باراک اوباما اور جمی کارٹر، نیلسن منڈیلا، مارٹن لوتھر کنگ اور ملالہ یوسفزئی جیت چکی ہیں۔