پی سی بی نے زمبابوے کے خلاف سیریز کا نیا شیڈول جاری کردیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے خلاف سیریز کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت راولپنڈی میں ون ڈے میچز سے سیریز کا آغاز ہو گا جب کہ ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے اعلان کے مطابق آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز راولپنڈی سے کرے گا۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور 3 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، یہ تینوں میچز ابتدائی طور پر ملتان میں شیڈول تھے تاہم لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کی بناء پر انہیں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں شیڈول تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی اب لاہور کے سپرد کر دی گئی ہے، یہ میچز اب 7، 8 اور 10 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ لاجسٹک اور آپریشنل وجوہات کے سبب ملتان کا وینیو دستیاب نہیں تھا، لہٰذا ہم نے سیریز کے شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیا اور ایک ایسا شیڈول ترتیب دیا ہے جو دونوں ٹیموں، میچ آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کے لیے موزوں ہے۔