کورونا، برطانیہ کے سکولوں میں بچوں پر انوکھی پابندی عائد 

لندن: برطانیہ میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سکول جانے والے بچوں پر انوکھی پابندی عائد کردی گئی۔

دی مرر کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے سکولوں میں پڑھنے والے بچوں پر پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ کلاس میں سالگرہ پر گایا جانے والے مشہورِ زمانہ گیت ’ہیپی برتھ ڈے‘ اب نہیں گائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ اس پابندی کی وجہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز ہیں، اگر کلاس میں کوئی متاثرہ بچہ ہوا اور اْس نے گانا گن گنایا تو وائرس پھیل سکتا ہے جس سے دوسرے بچے بھی متاثر ہوں گے۔


یہ پابندی ایک ایسے وقت پر لگائی گئی جب چند روز قبل وزیراعظم بورس جانسن نے قوم کو تلقین کی تھی کہ وہ ہاتھ دھوتے ہوئے 2 بار ’ہیپی برتھ ڈے‘ گایا کریں۔

رپورٹ کے مطابق حال ہی میں کچھ ٹیچرز نے ایس او پیز کے ساتھ کلاس میں بچوں کی سالگرہ کا انعقاد کیا تھا جس کے بعد وہاں پر کیسز رپورٹ ہوئے، جس کی وجہ سے یہ پابندی عائد کی گئی۔

انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر اسکول میں کسی طالب علم کی سالگرہ ہو تو یہ گانا یوٹیوب پر لگا کر بچوں سے تالیاں بجوا لی جائیں، اس طرح وہ اپنے دوست کو مبارک باد بھی دے دیں گے۔

برطانیہ کے مختلف سکولز کی انتظامیہ نے والدین کو پابند کیا ہے کہ وہ سالگرہ کے کیک بھیجنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے بھی کوروناپھیلنے کا خدشہ ہے۔

سکول کی جانب سے عائد ہونے والی پابندیوں کے بعد والدین نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔