امریکی ریاست ٹیکساس کے ماہرین نے زیادہ دیر تک بیٹھنے والے افراد کے بارے خبردار کردیا۔
امریکی ریاست ٹیکساس کی یونیورسٹی انڈیرسن کینسر سینٹر کے ماہرین نے کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ جاننے کے لئے تحقیقی مطالعہ کیا‘ جس کے نتائج طبی جریدے جرنل جاما اونکولوجی میں شائع کئے گئے ہیں۔
تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہت زیادہ دیر تک بیٹھنے یا ضرورت سے زیادہ آرام کرنے والے لوگ نہ صرف کینسر میں مبتلا ہوتے ہیں‘ بلکہ اس بیماری کی وجہ سے اْن کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے‘ماہرین نے مشورہ دیا کہ اگر کینسر جیسے موذی مرض سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو چہل قدمی کو معمول بنائیں اور گھر میں بھی ہر تھوڑی دیر بعد چہل قدمی کریں۔
تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وباء کی وجہ سے گھر میں بیٹھ کر کام کرنے والے افراد کئی گھنٹوں تک بیٹھے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے اْن کی صحت خراب ہورہی ہے اور اْن کی زندگیوں پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ’چوبیس گھنٹوں میں کم از کم تیس منٹ پیدل چلنا صحت کے لئے بہت ضروری ہے‘ تحقیق کے دوران جن لوگوں کے انٹرویوز کئے گئے اْن میں سے اکتیس فیصد ایسے تھے جو دن میں روزانہ تیس منٹ چہل قدمی کرتے ہیں، اْن کے کینسر میں مبتلا ہونے کے خطرات کم تھے۔
تحقیقی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر سوسان گلگرسٹ کا کہنا تھا کہ ’ہماری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ بیٹھنے سے زیادہ چلنا پھرنا ضروری ہے‘آپ ہر پندرہ منٹ بعد اگر ایک سے دو منٹ چہل قدمی کرلیں تو کینسر کے عارضے میں مبتلا ہونے کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گھروں میں بیٹھ کر دفاتر کا کام کرنے والے افراد کام میں جت جاتے ہیں اور انہیں اپنے بیٹھے رہنے کا خیال نہیں رہتا، ایسے لوگوں کے لئے مشورہ ہے کہ وہ گھڑی دیکھ کر ہر آدھے گھنٹے بعد اٹھ جائیں۔