پاکستان میں مسلسل پانچویں دن کورونا مثبت کیسز میں اضافہ تشویشناک ہے۔این سی او سی

  اسلام آباد میں وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

این سی او سی کا کہنا ہےکہ پاکستان میں مسلسل پانچویں دن کورونا مثبت کیسز کا تناسب بڑھ رہا ہے، گزشتہ 4 دنوں میں اوسطاً مثبت شرح 40 فیصد زیادہ ہے جب کہ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 216 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 855 ہوگئی ہے جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 9 ہزار 646 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 13 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 715 ہوگئی۔