ذائقے میں تُرش مگر غذائیت سے بھر پور، وٹامنز اور منرلز سے مالا مال سبزی چقندرکے استعمال سے مجموعی صحت پر مثبت اثرات آتے ہیں،
اس کا رائتہ بنا کر با آسانی استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق چقندر کے 100 گرام میں صرف 43 کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ وٹامنز اور منرلز کے لحاظ سے چقندر میں سوڈیم 78 ملی گرام، پوٹاشیم 325 ملی گرام، کاربوہائیڈریٹ 10 گرام، فائبر 2.8 گرام، شوگر 7 گرام،پروٹین 1.6 گرام، وٹامن سی 8 فیصد، آئرن 4 فیصد، وٹامن B-6 5 فیصد اور میگنیشیم 5 فیصد پایا جاتا ہے۔
لذیذ اورغذائیت سے بھر پور چقندر کا رائتہ بنانے کی ترکیب مندرجہ ذیل ہے :
چقندر کا رائتہ بنانے کے لیے 1 عدد چقندر ( چھیل کر کدو کش کر لیں ) 2 کپ دہی، کالا نمک حسپ ذائقہ، ایک چمچ بھنا ہوا زیرہ، ایک چمچ لال مرچ، چاٹ مسالا حسب ذائقہ، ایک درمیانی پیاز باریک کٹی ہوئی، 1 چمچ باریک کٹی ہوئی ہری مرچ ، 2 چائے کے چمچ دھنیہ باریک کٹا ہوا ۔
چقندر کو چھیل کر کدو کش کرنے کے بعد اسے ابال لیں ( نرم ہونے تک )۔
اب ابلے ہوئے چقندر کو دہی کے ساتھ بلینڈ کر لیں، اب اس میں نمک، بھنا ہوا زیرہ ، لال مرچ پاؤڈر ، ہری مرچیں ، پیاز اور دھنیے کے باریک کٹے ہوئے پتے شامل کر لیں ۔
اب اس رائتے کو فریج میں 2 گھنٹوں کے لیے رکھ دیں اور بعد ازاں روٹی سالن، پلاؤ یا کسی بھی حسبِ منشا غذا کے ساتھ استعمال کریں ۔
اس رائتے میں بند گوبھی، پودیتے کے پتے اور باریک کٹا ہوا کھیرا بھی ڈالا جا سکتا ہے ۔