جاپان کی فضائی کمپنی کا جانوروں کی چربی سے جہاز چلانے کا فیصلہ

 

ٹوکیو: جاپان کی معروف فضائی کمپنی نے فضا میں کاربن گیس کے اخراج کے سد باب کے لئے جانوروں کی چربی سے جہاز چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق آل نپّون ایئرویز(آنا) آئندہ ماہ سے بائیو ایندھن کا استعمال شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس میں جانوروں کی چربی سے تیار کردہ نامیاتی جیٹ ایندھن استعمال کیا جائے گا۔

اس مقصد کے لئے فِن لینڈ کی گوشت پروسیسنگ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جو جانوروں کی چربی سے یہ ایندھن بنائے گی، جس کے نتیجے میں فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں روایتی جیٹ ایندھن کے مقابلے تقریباً 90 فیصد تک کمی واقع ہوگی، یہ جاپان میں پہلی مسافر بردار سروس ہوگی جس کو چلانے میں خام تیل سے حاصل کردہ ایندھن استعمال نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ کوروناوبا سے متاثر ہونے والی اس فضائی کمپنی کے لیے اضافی اخراجات کو پورا کرنا مشکل ہوگیا ہے، رواں مالی سال کے لیے متوقع طور پر 4 ارب 70 کروڑ ڈالر کا خسارے کا سامنا ہے۔

اَنا کے اشیا کی خریداری کے ذمہ دار عہدیدار یوشی کاوا کوہئے کا کہنا ہے کہ خراب کاروباری حالات کے باوجود ہم طویل مدتی امکانات کو سامنے رکھتے ہوئے دنیا بھر سے ایندھن کے متبادل ذرائع حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔