بھارت میں کورونا سے بیروزگار استاد نے اپنے ہنر سے لاکھوں روپے کمالئے 

نئی دہلی: بھارت میں کورونا لاک ڈاک ڈاؤن کے باعث بیروز گار ہونیوالے استاد نے اپنے ہنر کے ذریعے لاکھوں روپے کما لئے۔متعدد بالی ووڈ فنکار ان کی ہاتھ سے بنائی گئی پینٹنگز دیکھ کر ان کے معترف ہوگئے۔ 


بھارتی ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے ایک ٹیچر مہیش کاپسی نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ملازمت سے فارغ ہونے کے بعد اپنا ہنر آزمانے کی ٹھانی اور لاک ڈاؤن کے دنوں میں لاکھوں روپے کمانے لگے۔

بھارتی شہری مہیش کے فن کو اس سے قبل کوئی نہیں جانتا تھا لیکن اب وہ بین الاقوامی طور ایک مشہور آرٹسٹ بن گئے ہیں، جب وہ بیروزگار ہوئے تو ان کی ماہانہ آمدنی 10 ہزار روپے تھی لیکن ملازمت چھوڑنے کے بعد وہ 80 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے لگے۔

رپورٹ کے مطابق اورنگ آباد کے رہائشی مہیش لاک ڈاؤن کے دنوں میں اپنی ڈرائنگ کی ویڈیوز ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرنے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کی پینٹنگز اتنی مشہور ہوئیں کہ بھارتی شوبز ستارے بھی ان کے مداح ہوگئے۔

بالی ووڈ اداکار رتیش دیش مکھ نے اپنی تصویر بنانے پر مہیش کا شکریہ ادا کیا اور ان کی بنائی گئی پینٹنگ اپنی ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر بھی کیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہیش کسی پینٹنگ برش کا استعمال کیے بغیر ہاتھ کی انگلیوں کی مہارت سے اداکار کی تصویر بنارہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رتیش کے علاوہ آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر، انگلش اسٹار کیون پیٹرسن بھی مہیش کی بنائی ویڈیوز اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرچکے ہیں اور متعدد بالی ووڈ فنکار ان کی صلاحیتوں کے معترف ہوگئے ہیں۔