وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے۔
معاون خصوصی صحت فیصل سلطان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کورونا سے اموات میں بھی اضافہ ہورہاہے جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح ڈھائی سے پونے تین فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق کورونا وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے پابندیوں کو سخت کرنا ناگزیر ہوتا جارہا ہے، کاروباری سرگرمیوں اور تقریبات کے اوقات کار میں کمی کے لیے مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ایک دو روز میں واضح سفارشات سامنے آجائیں گی، کل تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد سفارشات سامنے لائیں گے۔
فیصل سلطان نے کہا کہ وبا کے پھیلاؤ کو روکنےکیلئے جیسی احتیاط ضروری ہے وہ نہیں کی جارہی، پابندیوں میں سختی کرنا ناگزیر نظر آرہا ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اضافی سختی کی جائے گی۔
معاون خصوصی برائے صحت نے مزید کہا کہ مقامی سطح پرپابندیوں کی خلاف ورزی پرجرمانے بھی ہوں گے، پابندیاں اور سختیاں حکومت نہیں کرنا چاہتی لیکن اگر ہم ایس او پیز پر عمل اور احتیاط کریں گے تب ہی وباکی دوسری لہر کو ختم کرسکیں گے۔