روس کے ایک معروف وی لاگر نے اپنی مہنگی ترین مرسڈیز-اے ایم جی جی63 کو نذر آتش کردیا کیونکہ وہ ہر وقت خراب رہتی تھی اور وہ اس کی سروس کروا کر تنگ آگئے تھے۔
روس کے نوجوان وی لاگر میخائل لیٹوین نے اپنی یہ لگژری گاڑی تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر( 2 کروڑ 74 لاکھ روپے) میں خریدی تھی۔ تاہم اتنی زیادہ رقم کی ادائیگی کے باوجود وہ اس گاڑی کی پائیداری اور پرفارمنس سے مطمئن نہیں تھے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی مرسڈیز-اے ایم جی جی63 بہت ہی کم پائیدار رہی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میخائل لیٹوین کی گاڑی خریداری کے بعد سے 4 مرتبہ مرسڈیز سروس شاپ میں گئی اور ہر مرتبہ مرسڈیز ڈیلر شپ نے مرمت کے اخراجات اٹھانے میں ہچکچاہٹ کا اظہار کیا اور گاڑی مکمل طور پر ٹھیک کیے بغیر انہیں واپس کردی۔
گزشتہ برس بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب روس ہی کے ایک امیر وی لاگر نے اپنی مرسڈیز-اے ایم جی جی63 کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے 300 میٹرز کی بلنڈی سے زمین پر گرایا تھا اور اس گاڑی سے ہونے والی مایوسی کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔