پشاور:امریکی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کالی مرچ سرطانی رسولیوں،نزلہ زکام اور وزن کم کرنے سمیت کئی بیماریوں سے بچاؤ فراہم کرتی ہے۔
ہاروڈ یونیورسٹی کے ماہرین کی جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کالی مرچ تیارکئے جانے والے کھانوں کو اچھا ذائقہ تو دیتی ہی ہے‘اس کے ساتھ ساتھ یہ صحت کے لئے بھی بے حد مفید ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کالی مرچ میں سرطانی رسولیوں کے خلاف مزاحمت پائی جاتی ہے‘ جبکہ اس کے علاوہ کالی مرچ جلد اوربڑی آنت کے کینسر کا جسم میں پھیلاؤروکنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
کالی مرچ انسانی معدے میں ہائیڈروکلورک ایسڈ کے اخراج میں اضافہ کرتی ہے‘جس سے ہاضمے کا عمل بہترہوجاتا ہے‘کالی مرچ جراثیم کے خلاف خصوصیات کے سبب امتیازی اہمیت رکھتی ہے‘یہ آنتوں کو متاثر کرنے والے امراض کے علاج میں مدد کرتی ہے۔
کالی مرچ وزن کم کرنے میں بھی مددگارثابت ہوتی ہے، کالی مرچ کی اوپر والی تہہ ایسے اجزاء سے بھرپور ہوتی ہے جو چکنائی سے بھرپورخلیوں میں کمی واقع کرنے کا سبب بنتی ہے اور بہتر طور پر چربی کو گھلانے کیلئے مسلسل توانائی فراہم ہوتی ہے‘ماہرین کے مطابق نزلہ وزکام کی وجہ سے بند ناک کو کھولنے، ڈپریشن میں کمی، قوت قلب میں اضافہ اور اینٹی آکسیڈنٹس میں اضافہ کیلئے بھی کالی مرچ کا استعمال مفید ہے۔