اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرنے فیصلہ کیا ہے کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے وہاں وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نئی پابندیاں لگائی جائیں گی۔
این سی او سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گذشتہ 2 ہفتوں کے دوران ملک میں کوروناکیسز میں اضافے کے باعث فیصلہ کیاگیاہے کہ جن علاقوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے زیادہ ہے وہاں پابندیوں کا دوبارہ نفاذ کیا جائے۔
این سی او سی کے مطابق جن اضلاع اور شہروں میں نئی پابندیوں کا اطلاق ہوگا ان میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدرآباد،گلگت، ملتان، مظفر آباد، میر پور، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ، چار دیواری میں ہونے والی تقریبات، بازاروں، بس اڈے اور ریلوے اسٹیشن سمیت رش والی جگہوں پر ماسک پہننا لازمی ہوگا اور اس پابندی پر سختی سے عمل کرایاجائیگا۔
این سی او سی کے مطابق کورونا کے ہاٹ اسپاٹ قرار دیے گئے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کیا جائیگا۔ شادی ہالز ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے، تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے شعبے جیسے میڈیکل اسٹورز، کلینکس اور ہسپتال معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جب کہ تمام عوامی پارک شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق 29 اکتوبر سے ہوگا اور تاحکم ثانی اس پر عمل کیا جائے گا۔این سی اوسی کے مطابق پاکستان میں 28 اکتوبر کو مزید 806 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی،16 مریضوں کا انتقال ہوا فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 936 ہے۔سندھ میں 7‘ پنجاب میں 6‘ خیبرپختونخو میں 2 اور اسلام آباد میں ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔