اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ پاکستان میں جاری کورونا سے بچا ؤکی ویکسین کا ٹرائل 2 ماہ میں مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچا کے لیے تیار کی گئی 4 مختلف ویکسینوں کے ٹیسٹنگ اور ان کے ٹرائل کا عمل شروع کردیا گیا ہے، ان چار ویکسینزمیں سے 2 چینی کمپنیوں کی تیار کردہ ہیں، جبکہ دیگر 2 مغربی ممالک کی ویکسین ہیں جن کا ٹرائل اور ٹیسٹنگ کا عمل اس وقت جاری ہے۔
کورونا سے بچا ؤکی ان ویکسین کا ٹرائل آئندہ 2 ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔اس ضمن میں یاد رہے کہ چند روز قبل دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے حوالے سے امریکی فیڈرل ڈرگ اتھارٹی نے ریمڈیسوئر کی منظوری دے دی جو کہ عالمی وبا کا پہلا منظور شدہ علاج بن گیا۔
اس بارے میں امریکی میڈیا کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے علاج کی غرض سے استعمال کے لیے پہلی دوا کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی، جس کے بعد عالمی وبا کے خلاف ریمڈیسوئر کورونا وائرس کا پہلا منظور شدہ علاج ہو گا، جب کہ آنے والے چند روز میں ہی اس دوا کو کورونا وائرس کے مریضوں پر استعمال کیا جاسکے گا۔
اس سلسلے میں ایف ڈی اے نے ریمڈیسوئر کی ہسپتالوں کو سپلائی کرنے کی منظوری بھی دے دی، جہاں اس دوا کو تین ہزار 120 ڈالرز میں فروخت کیا جائے گا، اور اس سال2.17 ارب ڈالرکی دوا فروخت کی جائے گی، دوسری طرف ایف ڈی اے کی منظوری کے ساتھ ہی اس دوا کو تیار کرنے والی کمپنی کے اسٹاک شیئرزمیں بھی 4.1 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔