اسلام آباد:سینیٹ کے 20ملازمین بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد پابندیاں لگائے جانے کا امکان ہے۔
سینیٹ حکام کے مطابق 20 سے زائد ملازمین میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس پرپابندی عائدکرنے پر غور کررہے ہیں۔
سینیٹ حکام کا کہنا ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے مہمانوں اور اسٹاف کے داخلے پر بھی پابندی عائد کرنے پرغور کیا جارہا ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس اور مہمانوں کی آمد پر پابندی کا حتمی فیصلہ چیئرمین سینیٹ کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 27953 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1123 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 12 افراد انتقال کرگئے۔
حالیہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 4 فیصد سے زائد ہے۔
اس حوالے سے کل وزیراعظم کی سربراہی میں قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔