لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گرین الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دے دی،لاہور میں 103 کلومیٹر طویل 6 روٹس پر الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت ٹرانسپورٹ سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ٹرانسپورٹ سپیشلسٹ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گرین الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دے دی اور اس سلسلے میں ضروری امور جلد طے کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے پنجاب میں ٹرانسپورٹ انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور سارجنٹس کی بھرتی کی بھی اصولی منظوری دے دی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں 103 کلومیٹر طویل 6 روٹس پر الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بدل دیا جائے گا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ میں کمی ہوگی، ہر وہ کام کریں گے جس کا فائدہ عوام کو ہوگا، فیصل آباد اور دیگر ڈویژن میں جدید ترین بسیں چلائی جائیں گی اور کوہ سلیمان کے علاقوں میں پہلی مرتبہ پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ اسٹیشن پر صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کا حکم بھی دیتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین اور اسٹیشنز پر صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔