گزشتہ چند دنوں سے یہ خبر گرم ہے کہ نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ان کے پالتو کتے بھی وائٹ ہاؤس میں رہیں گے، لیکن ساتھ ہی ساتھ یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ ’’چیمپ‘‘ اور ’’میجر‘‘ نامی ان دونوں کتوں کے مشترکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی موجود ہیں جن کے فالوورز کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے۔
شاید اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کو یکساں نام ’’فرسٹ ڈاگز یو ایس اے‘‘ (firstdogsusa) دیا گیا ہے۔ لیکن عام قارئین کی سہولت مدِنظر رکھتے ہوئے انہیں ’’امریکی صدارتی کتے‘‘ کہنا زیادہ مناسب محسوس ہوتا ہے۔
چیمپ اور میجر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جون 2020 میں بنائے گئے تھے اور جب سے جو بائیڈن امریکی صدر منتخب ہوئے ہیں، تب سے جرمن شیفرڈ نسل کے ان دونوں کتوں کے ’’یادگار صدارتی لمحات‘‘ بھی، تصویروں کی شکل میں، وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر شیئر کیے جارہے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ جنوری 2021 سے، یعنی کہ جب جو بائیڈن وائٹ ہاؤس منتقل ہوں گے، ان دونوں کتوں کی تصویریں اور ویڈیوز امریکی ایوانِ صدر سے بھی شیئر کرائی جائیں گی۔