جوبائیڈن نے اپنے دیرینہ ساتھی کو چیف آف وائٹ ہاؤس اسٹاف نامزد کردیا

واشنگٹن:نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے پرانے ساتھی کو وائٹ ہاؤس کا چیف آف اسٹاف نامزد کردیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن نے 1980 سے اپنے ساتھ خدمات انجام دینے والے رون کلین کو چیف آف وائٹ ہاؤس اسٹاف نامزد کیا ہے۔رون کلین نے 1980 میں جوبائیڈن کے ساتھ سینیٹ میں خدمات انجام دیں اور وہ نائب صدارت کے دور میں بھی جوبائیڈن کے ساتھ کام کرتے رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رون کلین سابق صدر اوباما کے دور میں ان کے سینئر نائب کے طور پر کام کررہے تھے جب کہ وہ سابق امریکی نائب صدر الگور کے چیف آف اسٹاف بھی رہ چکے ہیں۔امریکی صدارتی انتخابات 2000 کے حوالے سے بننے والی یک فلم ری کاؤنٹ میں امریکی اداکار کیون اسپیسی نے رون کلین کا کردار ادا کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف کی ذمہ داریوں میں صدر کا روزانہ کا شیڈول مرتب کرنا شامل ہیں جب کہ یہ ایک سیاسی تقرری ہوتی ہے جس میں سینٹ کی توثیق کی ضرورت نہیں ہوتی۔

نومنتخب صدر نے اپنی نئی ٹیم کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے رون کلین کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم جس بحران سے نبردآزماد ہیں اس میں ملک کو دوبارہ متحد کرنے کے لیے رون کلین کے پاس عزم اور تمام سیاسی لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا وہ تجربہ ہے جس کی وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف میں ہونے کی ضرورت ہے۔

رون کلین نے جوبائیڈن کی سربراہی میں 1989 سے 1992 تک بطور چیف کونسل آف سینٹ جوڈیشر کمیٹی بھی کام کیاہے جب کہ وہ 1988 اور 2008 کی وائٹ ہاؤس کمپینز میں بائیڈن کے مشیر اور اسپیچ رائٹر بھی رہے۔

رون کلین اوباما دور میں 2009 سے 2011 کے جوبائیڈن کی نائب صدارت کے وقت وائٹ ہاس میں ان کے چیف آف اسٹاف بھی رہ چکے ہیں۔