کچرے سے بنی ایک چمچماتی الیکٹرک کار


 نیدرلینڈز میں 22 طالبعلموں کے ایک گروپ نے 18 مہینوں میں ایک ایسی  الیکٹرک کار تیار کی ہے جسے  دیکھنے کے بعد آپ کے لیے اس بات پر یقین کرنا کافی مشکل ہوگا کہ اسے کچرے سے تیار کیا گیا ہے۔

جی ہاں اس چمکدار الیکٹرک کار کی تیاری میں  دلچسپ بات یہ ہے  کہ اسے کچرے سے تیار کیا گیا ہے جس میں پلاسٹک کی بوتلیں اور دیگر کچرا شامل ہے۔

پیلے رنگ کی اس چمچماتی الیکٹرک کار میں بیک وقت 2 لوگ بیٹھ سکتے ہیں جب کہ اس کار کا نام 'لوسا' رکھا گیا ہے۔

یہ کار زیادہ سے زیادہ 90 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے چل سکتی ہے، الیکٹرک کار بنانے والے پروجیکٹ کے مینیجر کا کہنا ہے کہ یہ کار ان کے لیے بہت خاص ہے کیونکہ اسے کچرے سے بنایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کار کے چیچس پلاسٹک کی بوتلوں سے تیار کیے گئے ہیں جب کہ گاڑی کا اندرونی حصہ بھی گھر کے کچرے سے بنایا گیا ہے۔

پروجیکٹ مینیجر کا کہنا ہے کہ گاڑی کی باڈی بنانے کے لیے انہوں نے ٹی ی، کھلونے اور باورچی خانے میں استعمال کیے جانے والے پرانے اپلائنسس کا استعمال کیا ہے جو کہ ٹھوس پلاسٹک کے ہوتے ہیں۔