سعودی عرب: آئل تنصیبات پر حوثی باغیوں کے حملے ناکام

سعودی عرب نے آئل تنصیبات پر حوثی باغیوں کے حملے ناکام بنادیے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہےکہ یمن کی سرحد کے قریب جنوب مغربی شہر جیزان میں موجود آئل تنصیبات پر حملے کی کوشش کی گئی جسے فورسز نے ناکام بنایا۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ سعودی وزارت توانائی نے حملے ناکام بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بدھ کی شام بارود سے بھری دو کشتیوں کو تباہ کیا۔

سعودی میڈیا کےمطابق فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں آئل سپلائی کرنے والی لائنوں میں محدود پیمانے پر آگ لگی جسے پر فوری قابو پالیا گیا جب کہ اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سعودی حکومت نے آئل تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مجرمانہ فعل میں صرف سعودیہ کو ہدف نہیں بنایا گیا بلکہ مرکزی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔