واشنگٹن:نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن ریاست جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی فاتح قرار دے دیے گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن کے مجموعی الیکٹورل ووٹوں کی تعداد بڑھ کر 306 ہوگئی ہے، ریاست جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی تاہم جوبائیڈن پھر جیت گئے۔
شمالی کیرولائنا سے صدر ٹرمپ کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے بعد ان کے مجموعی الیکٹورل ووٹ 232 ہو گئے۔
ریاست مشی گن کی عدالت نے دھاندلی کے الزامات کی اپیلیں مسترد کر دیں، دوسری طرف صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم نے ایریزونا میں دائر مقدمات واپس لے لیے۔
ادھر ٹرمپ کے حامیوں اور ’بلیک لائیوز میٹر‘ نے کل واشنگٹن میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے، احتجاج میں ہنگاموں کا خدشہ بھی ہے، جس کے پیش نظر واشنگٹن میں سخت سیکورٹی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔