نیپال میں کتوں کی پوجا کا دن بھی منایا جاتا ہے 

کوہِ ہمالیہ کے دامن میں واقع ریاست جمہوریہ نیپال میں اس ویک اینڈ پر نیپالی ہندوؤں کا پانچ روزہ دیپ دیوالی میلا یا تہار شروع ہو گیا ہے۔ نیپالی زبان میں اسے 'یم پان چک‘ یا 'سوانتی‘ کہا جاتا ہے۔

 اس میلے کا دوسرا دن خاص طور پر کتوں کی پوجا کے لیے مختص ہوتا ہے۔ اس دن کو مقامی زبان میں 'کوکور تہار‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس کا مطلب کتوں کا دن یا یومِ سَگ ہے۔

 یہ فیسٹیول نیپال کے علاوہ بھارتی ریاست سکم اور مغربی بنگال کے علاقوں دارجیلنگ اور کالمپونگ میں بھی منایا جاتا ہے۔ ان علاقوں میں بھی نیپالی آبادی کی بہتات ہے اور یہی لوگ اس تہوار کا انتظام کرتے ہیں۔ ان دنوں میں نیپالی ہندو اپنے گھروں میں دیے جلانا باعث برکت سمجھتے ہیں۔

کوکور تہار کے دوسرے دن ہر کوئی اپنے کتے کو خاص طور پر تیار کر کے باہر لے کر جاتا ہے۔ کتے کے ماتھے پر ٹیکا یا سرخ رنگ کا نشان بھی لگایا جاتا ہے۔ ان کے گلے میں پھولوں کی مالا ڈالی جاتی ہے۔ اس طرح ان کو میلے کے چلن کے مطابق خصوصی خوراک بھی دی جاتی ہے۔

کوکور تہار کے دوسرے دن ہر کوئی اپنے کتے کو خاص طور پر تیار کر کے باہر لے کر جاتا ہے۔کوکور تیہار کو انٹرنیٹ کی بدولت عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہونا شروع ہو گئی ہے۔ اس دن کو میکسیکو کے جانوروں کے حقوق کے گروپوں نے بھی اپنا لیا ہے اور میکسیکو سٹی میں بھی ایسے ہی ایک فیسٹیول کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

نیپالی ہندوؤں کا یقین ہے کہ کتا موت کے دیوتا 'یمراج‘ کا خاص دوست اور پیامبر ہوتا ہے۔ اس خصوصی دن پر کتے کی خاطر مدارت کا اصل مقصد یم راج کو مسرت پہنچانا ہوتا ہے۔ اس چوپائے دوست کو خوشی فراہم کر کے یم راج دیوتا کا دستِ شفقت حاصل کرنا بھی مراد ہے۔ نیپالی ہندو تیہار کے تیسرے دن گائے کی خاص پوجا کا بھی انتظام کرتے ہیں۔


 اس کے علاوہ یہ لوگ کوؤں کو بھی خوراک دینے کا اہتمام کرتے ہیں۔ میلے کا پہلا دن 'کاگ تیہار‘ کہلاتا ہے۔ چوتھا دن بیلوں کی پوجا کے لیے وقف ہے۔ پانچواں اور آخری دن بہنوں اور بھائیوں کی ترقی کے نام ہوتا ہے اور اسے 'بھائی ٹیکا‘ کہتے ہیں۔

 یہ امر اہم ہے کہ صرف پالتو کتے کو سجانا مقصود نہیں ہوتا بلکہ گلیوں کے آوارہ کتوں کو ممکن ہو تو رنگ لگایا جاتا ہے اور ان کو بھی خوراک فراہم کی جاتی ہے۔ کوکور تیہار کے دن ایک کتے کی خوراک میں دودھ، انڈے اور بہتر کوالٹی کا گوشت شامل ہوتا ہے۔

نیپال کا تیہار میلہ بھارت میں دیوالی کی انداز میں منایا جاتا ہے۔ فیسٹیول کے پانچ دنوں میں دیے اور شمعیں روشن کرنے یا چراغاں کا خاص طور پر اہتمام کیا جاتا ہے۔

 اس میلے کے ایام کے دوران نیپالی خواتین خاص طور پر اور عام لوگ عمومی انداز میں گھروں کی صفائی اور ستھرائی کرتے ہیں۔ یہ لوگ چراغ روشن کر کے لکشمی دیوی کی پوجا کو بہت مبارک فعل خیال کرتے ہیں۔  ہندو مت میں لکشمی دولت کی دیوی ہے۔