ترکی نے مقامی قوانین کی خلاف ورزی پر گوگل کو ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانہ کردیا

ترکی کی جانب سے امریکی سرچ انجن گوگل پر جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

ترک میڈیا نے خبر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ  ترک کمپیٹیشن بورڈ نے مقامی قوانین کی خلاف ورزی پر گوگل کو ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

 

ترک کمپنیوں نے بورڈ کو شکایت بھیجی کہ گوگل اپنی آرگینک سرچ پر ضرورت سے زیادہ اشتہارات چلا رہی ہے جس سے جنرل سرچ میں پریشانی ہو رہی ہے۔

 

خیال رہے کہ اس سے قبل ترکی کی جانب سے  نئے سوشل میڈیا قانون کی عدم تعمیل پر فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب اور انسٹاگرام سمیت متعدد سوشل میڈیا کمپنیوں پر 12، 12 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

 

 ترکی میں گزشتہ ماہ سے نافذ ہونے والے نئے قانون کے تحت یومیہ 10 لاکھ سے زیادہ صارفین کے حامل سوشل میڈیا کمپنی کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنا ایک نمائندہ مقرر کریں جو ترک عدالتوں میں کمپنی کی جانب سے جوابدہ ہوں۔

 

خبر ایجنسی کے مطابق  قانون کے تحت سوشل میڈیا کمپنی کا نمائندہ 48 گھنٹوں کے اندر اندر ‘متنازع’ مواد کو ہٹانے اور ترکی کے اندر صارف کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے سے متعلق احکامات کی پاسداری کو یقینی بنانے کا پابند ہوگا۔