دنیا بھر میں کورونا ایک ہی دن مزید 6613افراد کی جان لے گیا

واشنگٹن: دنیا بھر میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق ایک ہی دن میں 6 ہزار 613 افراد اس موذی وائرس سے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 24 ہزار 457 ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں ایک دن میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 13 لاکھ 66 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

برطانیہ کے طبی ماہرین نے کرسمس تک کورونا کی صورت حال بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ فرانس میں لاک ڈاؤن میں چرچ کے بڑے اجتماعات پر پابندی کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق سپین میں اب تک چالیس ہزار سات سو 69 افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ چودہ لاکھ بانوے ہزار سے زائد شہری اس مرض سے متاثر ہیں۔

 لاطینی امریکا کے ملک ارجنٹائن کی بات کی جائے تو وہاں ہلاکتیں 35 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں جبکہ 13 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔

روس میں کورونا سے ہلاکتیں 33 ہزار سے زائد تک پہنچ چکی ہیں جبکہ انیس لاکھ سے زائد شہری اس مرض سے متاثر ہیں۔

 یورپی ملک فرانس سے جاری اعدادوشمار کے مطابق چوالیس ہزار پانچ سو اڑھتالیس افراد ہلاک جبکہ انیس لاکھ اکیاسی ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

لاطینی امریکا کے ایک اور اہم ملک برازیل کی بات کی جائے تو وہاں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ پینسٹھ ہزار سے زائد ہو چکی ہیں جبکہ اٹھاون لاکھ سے شہری کورونا وائرس میں جکڑے ہوئے ہیں۔

پاکستان کے ہمسایہ ملک ہندوستان میں کورونا وائرس نے تباہی مچائی ہوئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ کیسز میں بھارت کا دوسرا نمبر ہے۔ اس وقت انڈیا میں ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے مر چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد اٹھاسی لاکھ سے زائد ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ کیسز امریکا میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔ وہاں روز بروز کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اب تک امریکا میں ایک کروڑ تیرہ لاکھ سے زائد افراد کووڈ 19 کا شکار ہو چکے ہیں۔

 ایک اندازے کے مطابق امریکا کے دو لاکھ اکیاون ہزار سے زائد شہری اس مرض کے ہاتھوں موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔