مختلف امریکی ریاستوں میں ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین میں پرتشدد جھڑپیں، کئی افراد زخمی

 واشنگٹن: امریکہ میں ہونے والے انتخابات کے بعد ٹرمپ کے حامی اپنی ممکنہ شکست پر سیخ پا ہیں اور جیسا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا، ویسا ہی نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

مختلف امریکی ریاستوں میں ٹرمپ حامیوں اور مخالفین کے درمیان پرتشدد جھڑپیں شروع ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔

عالمی میڈیاکے مطابق گزشتہ شب سے واشنگٹن سمیت کئی امریکی ریاستوں میں ٹرمپ کے حامیوں نے بڑی تعداد میں جمع ہوکر انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج کیا جس میں چوری بند کرو اور ہر ووٹ گنتی کرو کے نعرے لگائے گئے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان واشنگٹن میں تلخ تصادم ہوا، پولس حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کرتی رہی تاہم حالات مکمل طور پر قابو میں نہیں آرہے۔

امریکی میڈیا میں شائع ایک خبر کے مطابق گزشتہ شب شہر میں کئی مقامات پر پرتشدد تصادم کے واقعات پیش آئے۔

 واشنگٹن پوسٹ نے کئی ویڈیوز کا حوالہ بھی پیش کیا ہے جس میں ٹرمپ حامی اور مخالفین کے درمیان ہاتھا پائی اور تشدد کے مناظر واضح دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں دونوں اطراف سے سامان اٹھا کر پھینکا جارہا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق کئی مقامات پر مظاہرین اور پولس کے درمیان بھی جھڑپ ہوئی، حکام کے مطابق ان جھڑپوں میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوچکے ہیں، اس دوران وائٹ ہاؤس کے باہر کچھ مظاہرین کی جانب سے آتشزدگی بھی کی گئی جس کے بعد نقاب پوش سیکورٹی افسروں نے مشتعل افراد کو قابو کرکے پیچھے ہٹا دیا۔