امریکی حکومت نے کوالکوم کو خصوصی لائسنس دیدیا، ہواوے کیلئے ”بڑی خوشخبری“

واشنگٹن: امریکا کی پابندیوں کا شکار چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کو بڑا ریلیف مل گیا ہے۔

امریکی حکومت نے ٹیکنالوجی کمپنی کوالکوم کو خصوصی لائسنس فراہم کردیا جس کے تحت کمپنی اپنی مصنوعات ہواوے کو فروخت کرسکے گی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی پابندیوں کے باعث ہواوے کمپنی کو موبائل یا دیگر ڈیوائسز بنانے کے لیے درکار پرزے خریدنے پر پابندی عائد ہے لیکن اب کمپنی کو خصوصی چھوٹ مل گئی۔

رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی کوالکوم کا کہنا ہے کہ اسے حکومت کی جانب سے لائسنس ملا ہے جس کے ذریعے مختلف پراڈکٹس ہواوے کو فروخت کیے جاسکیں گے جن میں 4 جی موبائل چپ بھی شامل ہے۔

کوالکوم کے ترجمان نے واضح نہیں کیا کہ کونسے کونسے پراڈکٹس ہواوے کو فروخت کیے جائیں گے، بس یہ بتایا کہ یہ موبائل ڈیوائسز کے لیے ہوں گی جن میں 4 جی چپ بھی شامل ہے، اس کے علاوہ کمپنی مزید منصوعات کی فروخت کے لیے بھی حکومت سے اجازت کی درخواست دائر کرچکی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ ابھی ہمیں دیگر درخواستوں کی منظوری کا انتظار ہے۔

دوسری جانب ٹیکنالوجی کی دنیا پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 4 جی چپ کی فراہمی سے ہواوے کو کوئی بڑا فائدہ نہیں پہنچے گا کیوں کہ صارفین اب 5 جی استعمال کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہواوے اپنے چپ سیٹ پلانٹ کو لگانے کی تیاری کررہی ہے تاکہ اسے دیگر کمپنیوں پر انحصار نہ کرنا پڑے اس کے لیے چینی حکومت کا بھرپور تعاون رہے گا۔

یاد رہے کہ رواں سال اگست میں ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی سافٹ ویئر اور آلات کی مدد سے تیار ہونے والی چپس تک رسائی کے لیے ہواوے پر پابندیوں کو سخت کردیا تھا۔