پشاور:فوڈسیفٹی اتھارٹی نے پشاورمیں 14550ہوٹلوں‘جنرل سٹورز‘بیکریوں‘شیرفروشوں‘قصابوں کی دکانوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کرلی جبکہ چارسدہ میں دکانوں کی جیو ٹیگنگ کا سلسلہ شروع کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔
پشاور کی 14550دکانیں فوڈ اتھارٹی کی صرف ایک کلک پر آگئی ہیں‘منصوبے کی خاص بات جیو ٹیگنگ کا سافٹ ویئر ہے جو اتھارٹی کے جنرل مینجر آئی ٹی عامر شہزاد نے خود صرف 94ہزار کی لاگت سے بنایا ہے۔
اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز شایان علی جاہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سافٹ ویئر 27دن میں بنایا گیا ہے‘فوڈاتھارٹی کے پاس اس سے قبل 4500دکانیں رجسٹر تھیں جبکہ 9268دکانیں رجسٹر نہیں تھیں‘ تاہم جیو ٹیگنگ کے بعدلائسنسگ کی شرح بڑھ گئی ہے اب تک اتھارٹی کو چھ لاکھ سے زیادہ آمدن ہوئی ہے‘جبکہ جیو ٹیگنگ کے بعد 23.3ملین کی آمدن ہوگی۔
جیو ٹیگنگ میں تمام دکانداروں کا نام‘پتہ اورشناختی کارڈ نمبر بمعہ دکان کی تصاویر موجود ہیں‘اس نظام سے دکان کی انسپکشن‘لائسنس اور دکاندار کے خلاف کاروائیوں کی تفصیل بھی موجود ہوتی ہے‘اس نظام سے تمام دکانوں کا ڈیٹااتھارٹی کے پاس موجود ہوگا‘اتھارٹی کے مطابق دکانوں کی رجسٹریشن کرتے ہوئے مقامی اورافغان شہریوں کی دکانوں کی تخصیص بھی کی گئی ہے۔