چین میں تعینات ایک برطانوی سفارتکار دریا میں ڈوبنے والی بچی کی جان بچانے کیلئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دریا میں کو د گئے اور بچی کی جان بچالی۔
طالبہ پاؤں پھسلنے کے باعث پانی میں گر گئی تھی جسے تیرنا نہیں آتا تھا، کوئی اس کی مدد کو نہ آیا جبکہ اس کو ڈوبتا دیکھنے کے باوجودوہاں پر کھڑے لوگ ویڈیو بناتے رہے
برطانوی سفارتخانے اور چین کے سرکاری میڈیا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ چین کے جنوب مغربی علاقے میں پیش آیا۔
چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق 61 سالہ برطانوی قونصل جنرل اسٹیفن ایلیسن نے چانگ چن کے علاقے میں موجود تھے جہاں انہوں نے دیکھا کہ ایک طالبہ پانی میں ڈوب رہی ہے۔
طالبہ غلطی سے پانی میں گر گئی تھی اور اسے تیرنا بھی نہیں آتا تھا، آس پاس موجود لوگوں نے اسے ڈوبتا دیکھ کر شور مچانا شروع کردیا اور کئی افراد ویڈیو بناتے رہے تاہم کوئی اس کی مدد کو نہیں گیا۔
اتنے میں 61 سالہ اسٹیفن نے اپنے جوتے اتارے اور پانی میں کود گئے۔ انہوں نے ڈوبنے والی طالبہ کو سہارا دیا اور کنارے پر لے آئے۔
بعد زاں طالبہ کو ہوش آیا تو اس نے مدد پر شکریہ ادا کیا۔ چینی حکام نے طالبہ کا نام جاری نہیں کیا جبکہ برطانوی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ سب کو اسٹیفن پر فخر ہے۔