صدی کی خطرناک ترین وبا ”کورونا“ کو ایک سال مکمل، 13لاکھ سے زائد جانیں نگل گیا

بیجنگ/ اسلام آباد: صدی کی خطرناک ترین وباء کورونا کو ایک سال مکمل ہوگیا اس دوران وائرس دنیا کے 217 ملکوں میں 13 لاکھ 32 ہزار 300 سے زائد جانیں نگل گیا جبکہ وباء کے مریضوں کی تعداد 5 کروڑ 53 لاکھ 49 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

 اب تک 3 کروڑ 84 لاکھ 93 ہزار مریض صحت یاب ہوچکے ہیں وائرس نے سب سے زیادہ تباہی امریکہ میں پھیلائی جس کے باعث امریکہ میں 2 لاکھ 52 ہزار افراد جانوں سے ہاتھ دھوچکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 15 لاکھ 38 ہزار ہے۔

چین کے شہر ووہان میں 17 نومبر 2019 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا اور سب سے پہلے ووہان میں ہی کورونا وائرس پر قابو پایا گیا۔

 کہا گیا کہ کورونا وائرس جانورں سے انسانوں میں منتقل ہوا،جب سائنسدانوں نے ایک مریض کے جسم سے لیے جانے والے وائرس کا جائزہ لیا تو سیدھا اشارہ چمگادڑوں کی جانب کیا گیا۔ عالمی ادارہ صحت نے 11 مارچ کو اسے عالمی وبا قرار دیا تھا۔