متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان سمیت 11 ممالک کے مسافروں کےلیے ویزوں کے اجراء کو روک دیا۔
پابندی کا شکار ملکوں میں پاکستان سمیت ترکی، ایران، افغانستان، عراق، شام، لیبیا اور دیگر ممالک شامل ہیں، ان ممالک کی ائیرلائنز کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
پالیسی کے مطابق فی الحال نئے ویزٹ اور ٹرانزٹ ویزا جاری نہیں کیے جارہے تاہم مستقل رہائشی ویزا رکھنے والے افراد اجازت نامے کے ساتھ سفر کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق نئی ویزا تبدیلیاں ”کورونا وائرس“ کے کیسز میں اضافے کے باعث کی جارہی ہیں ۔
یورپ،کینیڈا اور دیگر ممالک کے سیاح اگر براہ راست یو اے ای آئیں گے تو ان کے لیے ائیرپورٹ پر ہی ویزہ فراہمی کی سہولت ہوگی۔
اس حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کاکہنا ہےکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 12 ممالک کے لیے ویزا اجراء کی منسوخی سے آگاہ ہیں،ان ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ویزا منسوخی کا اطلاق پہلے سے جاری ویزا پر نہیں ہوگا، یو اے ای کا یہ اقدام ممکنہ طور پر کورونا کی دوسری لہر کے باعث ہے،اس حوالے سے یو اے ای حکام سے مصدقہ اطلاعات حاصل کی جارہی ہیں۔