افغان دارالحکومت کابل پر راکٹ حملے،8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں صرف ایک گھنٹے کے دوران 23 راکٹس داغے گئے اور دو بارودی سرنگ کے دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق ہفتے کی صبح دارالحکومت میں 2 آئی ای ڈی دھماکے ہوئے جس کے تقریباً ایک گھنٹے بعد شہر پر دو سمتوں سے راکٹوں کی بارش کردی گئی۔ راکٹس گرنے سے افغانستان کا دارالحکومت کابل لرز اُٹھا۔ شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا اور جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی۔

افغان وزارت داخلہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں 23 راکٹ حملوں کی تصدیق کی جس میں مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں پر بھی راکٹ فائر کیے گئے جب کہ ایک راکٹ کابل میں موجود ایرانی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں بھی گرا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

افغان میڈیا کا بتانا ہے کہ راکٹ حملوں کے نتیجے میں اب تک 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں شاہراہِ نیو ایریا کے ایمرجنسی اسپتال منتقل کیاگیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق اسپتال ذرائع نے راکٹ حملوں میں 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

افغان میڈیا کا کہنا ہےکہ طالبان نے راکٹ حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔