واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ کے بڑے بیٹے 42 سالہ ڈونلڈ جون ٹرمپ جونیئر بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 42 سالہ ڈونلڈ جون ٹرمپ جونیئر کے ترجمان نے ان کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔
جونیئر ٹرمپ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہےکہ جونیئر ٹرمپ کو کورونا کی کوئی علامات نہیں ہیں اور وہ کووڈ 19 کے حوالے سے مکمل طبی مشوروں پر عمل کررہے ہیں۔
ترجمان کاکہنا تھا کہ جونیئر ٹرمپ کو رواں ہفتے کے آغاز میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ ٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد سے قرنطینہ میں ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جونیئر ٹرمپ امریکی صدر کے دوسرے بیٹے ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے، اس سے قبل ان کے 14 سالہ بیٹے کو بھی گزشتہ ماہ کورونا کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ تیزی سے صحتیاب ہوگئے۔
امریکی صدر کے بڑے بیٹے جونیئر ٹرمپ نے صدارتی الیکشن میں ٹرمپ کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جونیئر ٹرمپ کی گرل فرینڈ اور فوکس نیوز کی میزبان بھی جولائی میں کورونا کا شکار ہوئی تھیں اور صحتیاب ہوگئی تھیں۔