خیرپور: ٹک ٹاک ویڈیو بنانے سے روکنے پر لڑکی نے اپنے ہی گھر کو نذر آتش کردیا، والد نے بیٹی کیخلاف گھر جلانے کا مقدمہ درج کرادیا ہے۔
پولیس نے بیٹی کو گرفتار کرکے ویمن تھانے منتقل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیرپور میں پیرگوٹھ کے سالار محلے میں ٹک ٹاک بنانے سے روکنے پر لڑکی نے گھر کو آگ لگا دی، جس پرلڑکی کے والد عزیز احمد خلجی نے پیرگوٹھ تھانے میں بیٹی کیخلاف مقدمہ درج کرادیا ہے۔
ایف آئی آر میں والد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بیٹی نے تذلیل کی اورگھرکوآگ لگائی، جس کے بعد تھانہ پیرگوٹھ پولیس نے بیٹی کو گرفتار کر کے ویمن تھانے پہنچادیا۔
گذشتہ روز کراچی کے علاقے گلستان جوہرمیں ٹک ٹاک کے شوق نے سیکیورٹی گارڈکی جان لے لی تھی، سیکیورٹی گارڈسرپرپستول رکھ کرٹک ٹاک کیلئے ویڈیوبنارہاتھا کہ بدقسمتی سے گولی چل گئی۔
خیال رہے پاکستان میں ٹک ٹاک کے شوقین لاکھوں افراد اپنی ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرتے ہیں، اس دوران ہزاروں نوجوان خطرناک انداز میں ویڈیو بنا کر ایپ پر ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں، جس کے باعث گزشتہ ایک سال کے دوران درجنوں نوجوان اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔