روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے ملک میں بنائی گئی کورونا حفاظتی ویکسین ’اسپوٹنک V‘ دیگر ممالک کو دینے کی پیشکش کردی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی صدر کی جانب سے یہ پیشکش دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے حامل ممالک کےگروپ (جی 20) کے سعودی عرب میں ہونے والے ورچوئل سربراہی اجلاس میں سامنے آئی ہے۔
روسی صدر کا خطاب میں کہنا تھا کہ اسپوٹنک وی ویکسین دنیا کے دیگر ممالک کو دینے کیلئے تیار ہیں، اس کے علاوہ ہم دوسری اور تیسری ویکسین کی تیاری پر بھی کام کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف ویکسین کی تیاری ہم سب کا مشترکہ مشن ہے۔خیال رہے کہ روس نے ’اسپوٹنک وی‘ کئی ماہ قبل بنادی تھی اور روس میں یہ پہلی ویکسین ہے جو باقاعدہ رجسٹر کرائی گئی تھی۔
گزشتہ دنوں اس ویکسین کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’اسپوٹنک V' ویکسین کورونا کے خلاف 90 فیصد سے زائد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
روسی وزارت صحت کے زیر انتظام ایک تحقیقی ادارے کے ڈائریکٹر اوسکانا ڈراپکینا کا کہنا تھا کہ ویکسین کی آزمائش کے نتائج پر نظر رکھے ہوئے ہیں، یہ اچھی خبر ہے کہ اس کے نتائج 90 فیصد سے زائد مثبت ہیں۔
روسی حکام کی جانب سے ویکسین کی تیاری کا دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا تھا جب امریکی کمپنی فائزر نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے میں کامیابی کا دعویٰ کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اسپوٹنک وی کے پہلے بیج میں ویکسین کو منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ پر رکھا جاسکتا ہے تاہم اب نئے بیج میں کوشش کی جارہی ہے کہ اس کو 2 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ پر رکھا جاسکے۔