روس کا جوبائیڈن کو ”فی الحال“امریکی صدر تسلیم کرنے سے انکار 

ماسکو:روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ جوبائیڈن کوبطور امریکی صدر تسلیم کرنے کو ابھی تیار نہیں ہیں جبکہ مبارکباد نہ دینے سے دونوں ملکوں کے تعلقات پرکوئی اثر نہیں پڑیگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے  کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں روس کے صدر پیوٹن نے جوبائیڈن کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے کسی بھی رہنماکیساتھ بات کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر اس شخص کے ساتھ مل کر کام کریں گے جس پر امریکی عوام کا اعتماد ہے جبکہ اعتماد اسی امیدوارکوحاصل ہوگاجس کی جیت کی قانونی طریقے سے تصدیق کی گئی ہو۔

پیوٹن نے کریملن کی جانب سے بائیڈن کوجیت کی مبارکباد نہ دینے کے فیصلے کوایک فارمیلٹی قراردیا ہے۔

روسی صدر کا کہناتھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات پہلے ہی بدترین سطح پر ہیں جبکہ جو بائیڈن کو مبارکباد نہ دینے سے دونوں ملکوں کے تعلقات پرکوئی اثر نہیں پڑیگا۔