تل ابیب:اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں کی ہیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق موساد کے نام سے مشہور اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے چیف، یوسی کوہن بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔تاہم اسرائیلی پرائم منسٹر آفس نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
نیتن یاہو کی اس خفیہ پرواز کا پتہ پروازوں سے باخبر رکھنے والی ویب سائٹس پر ہوا، جب اسرائیلی وزیر اعظم کے طیارے نے سعودی شہر نیوم میں لینڈنگ کی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان اہم معاہدہ طے پایا گیا۔ سعودی عرب اور اسرائیل میں فضائی حدود کے حوالے سے معاہدہ طے ہوا ہے۔
معاہدے کا باقاعدہ اعلان ایک ہفتے میں ہوجائیگا، معاہدہ امریکی وزیرخارجہ پومپیو کی سعودی شہزادہ محمد بن سلمان سے نیوم شہر میں ملاقات کے دوران طے پایا۔
امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے سعودی عرب کو ترغیب دی ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کریں جس سے دیگر خلیجی ممالک کو اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے میں آسانی ہوگی۔
غیر ملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے بعد پومپیو نے کہا کہ ہمارا مشترکہ مقصد خطے میں امن و سلامتی ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ جن کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں وہ کہہ چکے ہیں کہ جلد سعودی عرب بھی اسرائیل کو تسلیم کر لے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیرڈ کوشنر نے گزشتہ ماہ کے اوائل میں سعودی عرب، قطر، بحرین اور عمان کا دورہ کیا تھا جس کا مقصد خطے کے ممالک کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی برقراری کے لیے آمادہ کرنا تھا۔