دبئی: متحدہ عرب امارات نے 8 ماہ بعد مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے۔
عرب میڈیاکے مطابق متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے 8 ماہ بعد مساجد میں خصوصی ضابطہ کار کے تحت نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دے دی ہے۔
یو اے ای حکام کی جانب سے جاری ضابطہ کار کے تحت مسجد کی گنجائش سے 30 فیصد افراد ہی نماز جمعہ ادا کرسکیں گے اور اس کا اطلاق 4 دسمبر سے ہوگا۔
اس کے علاوہ ابو ظہبی کی انتظامیہ نے تجرباتی طور پر ویکسین کی پہلی 2 خوراکیں لینے والے افراد کو گولڈن اسٹار کیٹیگری میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان افراد کا امارات کی کسی ریاست سے ابوظہبی واپسی پر کورونا ٹیسٹ نہیں لیا جائے گا اور وہ قرنطینہ سے بھی مستثنیٰ ہوں گے۔