آذربائیجان پر ایٹم بم کرادیا جائے، آرمینیائی اخبار کی تجویز

 

واشنگٹن:  امریکا میں شائع ہونے والے آرمینیائی اخبار نے اپنے اداریے میں ایٹم بم کے استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آذری دارالحکومت باکو کو اگلے 5ہزار سال کیلئے بنجر زمین میں بدل دیا جائے۔


 بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان سے شکست کے بعد آرمینیا میں شدید غم و غصہ اور اشتعال پایا جاتا ہے اور اس حوالے سے امریکا میں شائع ہونے والے آرمینیائی اخبار نے اپنے اداریے میں ایٹم بم کے استعمال پر زور دیا ہے۔

گزشتہ دنوں 6ہفتوں کی لڑائی میں آرمینیا کو آذر بائیجان کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانی پڑی ہے اور 3 دہائیوں سے قابض آرمینیائی فوج کو نگورنو کاراباخ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس شکست کے بعد امن معاہدے کے تحت کئی بڑے شہر آرمینیا کو خالی کرنے پڑے ہیں جن میں اغدام اور لاچین شامل ہیں جبکہ آرمینیائی عوام حکومت کے امن معاہدے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

اسی حوالے سے امریکا میں شائع ہونے والے آرمینیائی اخبار اسباریز نے اداریے میں آذربائیجان سے شکست کا بدلہ لینے کی ترغیب دی ہے اور ایٹم بم کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اخبار کے اداریے میں کہا گیا ہے کہ آرمینیائی حکومت آذربائیجان کے خلاف کوئی بھی جوہری ہتھیار استعمال کرے او ر آذری دارالحکومت باکو کو اگلے 5ہزار سال کیلئے بنجر زمین میں بدل دے۔

دوسری جانب امریکی شہر لاس اینجلس میں آذربائیجان کے قونصلر جنرل نے اخبار کے اداریے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور مقامی انتظامیہ سے امریکی قوانین کے تحت تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کی جنگ میں سب سے زیادہ جانی نقصان آرمینیا کا ہوا ہے اور اس کے ہزاروں فوجی مارے گئے ہیں۔